الحمد
للہ کہ جماعت احمدیہ اسلام کی آفاقی تعلیمات کی روشنی میں دنیا کو عدل، احسان اور
اعلیٰ اخلاق کی طرف بلاتی ہے۔
عصرِ
حاضر میں اگرچہ انسانی حقوق کے تحفظ کے بلند دعوے کیے جا رہے ہیں، لیکن عملی دنیا
میں ہمیں بہت سی جگہوں پر بنیادی انسانی اقدار مجروح ہوتے ہوئے دکھائی دیتا ہے۔
معاشرتی عدم مساوات، بنیادی آزادیوں پر قدغن، کمزور طبقات کے حقوق کی
نظراندازی، اور اخلاقی اقدار میں کمی — یہ سب اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ انسانیت
ایک راہنمائی کی متلاشی ہے۔ ایسے میں
اسلام کی تعلیمات ایک روشن مینار کی مانند ہیں جو ہر دَور کے انسان کو اس کی حیثیت،
مقام اور ذمہ داریوں کا شعور بخشتی ہیں۔
السلام اور انسانی اقدار
اسلام
نے ہر انسان کی جان، مال، عزت، اور آزادی کو محترم قرار دیا ہے۔اللہ تعالیٰ قرآن
کریم میں فرماتا ہے:
’’ جس نے ایک جان
کو بغیر کسی قصور کے قتل کیا گویا اس نے تمام انسانوں کو قتل کیا، اور جس نے ایک
جان کو بچایا گویا اس نے تمام انسانوں کو بچایا۔‘‘
(المائدہ: 32)
اسلام
نے مذہب، رنگ، نسل اور قومیت سے بالا ہو کر انسانی برابری کا تصور پیش کیا۔ سورة
الحجرات میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
’’ تم میں سب سے زیادہ
معزز وہ ہے جو سب سے زیادہ متقی ہے۔‘‘
(الحجرات: 13)
نبی کریم ﷺ نے خطبہ حجۃ الوداع
میں واضح طور پر اعلان فرمایا کہ کسی عربی کو عجمی پر اور کسی عجمی کو عربی پر، کسی
گورے کو کالے پر اور کسی کالے کو گورے پر کوئی فضیلت نہیں سوائے تقویٰ کے۔
اسلام
نے عورت کو باعزت مقام دیا، یتیموں، محتاجوں اور مسافروں کے حقوق مقرر کیے، اور
عدل کو ہر معاملے میں لازم قرار دیا۔
جماعت احمدیہ کا کردار
جماعت احمدیہ ان تعلیمات کو آج
دنیا کے سامنے ایک عملی نمونہ کے طور پر پیش کر رہی ہے۔
حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں۔
’’پس تم جو میرے
ساتھ تعلق رکھتے ہو۔ یاد رکھو کہ تم ہر شخص سے خواہ وہ کسی مذہب کا ہوہمدردی کرو
اور بلاتمیز ہر ایک سے نیکی کرو کیونکہ یہی قرآن شریف کی تعلیم ہے۔‘‘
(ملفوظات جلد4 صفحہ219)
آپؑ
نے انسانی خدمت، امن، رواداری اور عدل کو اپنے مشن کا بنیادی حصہ بنایا۔ اسی مشن
کو خلفاء سلسلہ نے اپنی ہدایات، عالمی پیغامات اور عملی نمونوں سے جاری رکھا ہے۔
پس
آج کی دنیا اگر حقیقی امن، مساوات، اور انسانی احترام کی متلاشی ہے تو اُسے قرآن
کریم اور اسوۂ رسول ﷺ کی طرف رجوع کرنا ہوگا۔ جماعت احمدیہ، خلافتِ احمدیہ کی
راہنمائی میں، انسانیت کو انہی تعلیمات کی طرف دعوت دے رہی ہے — جو نہ صرف دلوں کو
جوڑتی ہیں بلکہ معاشروں کو نکھارتی ہیں۔
اللہ
تعالیٰ ہم سب کو ان پاکیزہ تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور دنیا کو
حقیقی امن وسکون عطا کرے۔ آمین۔
سلیق احمد نائک