(عرفان احمد خان ضلع قائد بنگلورو)
امسال مجلس خدام الاحمدیہ بنگلورو کا سالانہ اجتماع مؤرخہ 3تا 4 جون 2023بروز ہفتہ و اتوار جماعت احمدیہ مڈیکیری میں منعقد کیاگیا۔اس اجتماع میں 73 خدام ،31 اطفال کو شمولیت کا شرف حاصل ہوا ۔علاوہ ازیں 13 انصار نے بھی اس اجتماع میں خدام و اطفال کی حوصلہ افزائی کے لئے شرکت فرما رہے ۔
امسال مہمان خصوصی کے طور پر مکرم جمال محی الدین صاحب نائب صدر خدام الاحمدیہ تھے ۔نیز مکرم نیاز احمد نایک صاحب اڈیٹر مشکوۃ اور مکرم حسام احمد صاحب مربی سلسلہ شعبہ نور الاسلام بھی اجتماع میں بطور مرکزی مہمان شریک ہوئے اور مختلف علمی پروگرامز سے خدام کو مستفیض کرواتے رہے ۔
مؤرخہ 03؍جون کوحسب روایت پرچم کشائی کے بعد افتتاحی تقریب عمل میں لائی گئی ۔دونوں دن مختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے اور امتیازی پوزیشن حاصل کرنے والے خدام و اطفال کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔مقابلہ جات کے علاوہ امسال خدام کے تعلیمی و تربیتی پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف موضوعات پر چار سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔
پہلے سیمینار میں سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جلسہ سالانہ جرمنی 2022 کے اختتامی خطاب کی روشنی میں دنیا کے موجودہ ناگفتہ بہ حالات اور عالمی بحران کے حل اور قیام امن کے اصولوں کے تعلق سے مکرم کے وی طاہرصاحب اور مکرم عادل علی صاحب مربیان سلسلہ نے دلکش انداز میں حاضرین کو جانکاری دی ۔
دوسرے سیمینار میں خدام کو عائلی زندگی خوشگوار اور کامیاب بنانے کے تعلق سے مکرم کلیم خان صاحب مربی سلسلہ میڈیکری نے قرآن و حدیث اور حضرت مسیح موعود ؑ کی تعلیمات اور خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں تفصیل سے روشنی ڈالی اوراس سلسلہ میں خدام کی طرف سے کئے گئے مختلف سوالات کے جوابات بھی دئے گئے۔
تیسرا سیمینار Importance of Pondering on Natureکے موضوع پر منعقد کیا گیا۔اس سیمینار میں حاضرین کو مختلف ویڈیو کلپز کے ذریعہ بہت ہی دلچسپ انداز میں مکرم سی جی سہیل صاحب داعی خصوصی کرناٹک نے علمی معلومات فراہم کیں۔
چوتھا سیمینار God Summit کے موضوع پر منعقد کیا گیا۔ یہ سیمینار مذاکرہ کی صورت میں پیش کیا گیا ۔ جس میں مکرم نیاز احمد نایک صاحب استاد جامعہ احمدیہ قادیان ،۔ مکرم حسام احمد صاحب مربی سلسلہ شعبہ نور الاسلام اور مکرم اسماعیل شاہ صاحب مبلغ سلسلہ بنگلور شریکِ گفتگو رہے ۔اس سیمینار میں ہستی باری تعالیٰ کے تعلق سے کئی اہم موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔خدام نے بڑی دلچسپی کے ساتھ پروگرام کو سماعت کیا اور بھر رنگ میں استفادہ کیا۔
علاوہ ازیں اطفال کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں خطوط لکھنے کی اہمیت اور خطوط لکھنے کا طریقہ سکھانے کے لئے خصوصی طور پر اہتمام کیا گیا تھا۔
ضلع بنگلور کا امسال کا یہ اجتماع اللہ تعالیٰ کے فضل سے مؤرخہ 04ء جون 2023 کی شام کو شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ نہایت ہی روحانی و روح پرور ماحول میں اختتام پذیر ہوا ۔ الحمدللہ
تمت