You are currently viewing Message From Huzoor (May Allah Be His Helper) For Annual Ijtema 2025 Majlis Khuddamul Ahmadiyya Bharat

Message From Huzoor (May Allah Be His Helper) For Annual Ijtema 2025 Majlis Khuddamul Ahmadiyya Bharat

اسلام آباد-یوکے
HM-11-08-2025

مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ بھارت

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کو اپنا سالانہ نیشنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے بہت بابرکت اور کامیاب فرمائے اور تمام خدام اور اطفال کو اس کے جملہ پروگراموں سے مستفیض ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

آپ جو جماعت احمدیہ میں خدام اور اطفال کہلاتے ہیں آپ پر بہت اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ آپ کو خدا نے دنیا کی خدمت کے لئے پیدا کیا ہے اور اس لے لئے سب سے پہلے آپ کو خدا سے اپنا تعلق مضبوط بنانا ہے اور اس کے حضور جھکتے ہوئے اپنی عبادتوں کے معیاروں کو بلند سے بلند تر کرتے چلے جانا ہے۔ پس خاص طور پر اپنی پنجوقتہ نمازوں کو باقاعدگی اور خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کرنے کی عادت ڈالیں اور قرآن کریم کی تلاوت اور اس کی تعلیمات پر عمل کرنا اپنی زندگیوں کا معمول بنائیں۔ جیسے جیسے آپ کا اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق بڑھے گا آپ کے ایمان و یقین میں پختگی پیدا ہوتی چلی جائے گی جس کے نتیجہ میں پھر اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے بے شمار فضلوں اور انعامات کا وارث بنائے گا۔ اور آپ ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے دنیا اور معاشرہ میں امن و سلامتی کی فضاء قائم کرنے والے ہوں گے۔ انشاء اللہ۔ لیکن اس کے لئے بہت محنت اور کوشش کی ضرورت ہے۔ خلافت احمدیہ کے ساتھ اخلاص و وفا کے تعلق کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ خلیفہ وقت کے ہر حکم اور ہر ارشاد پر دل و جان سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ یہی وہ بنیاد ہے جس کے نتیجہ میں پھر آپ کے لئے ترقی اور کامیابی کی راہیں کھلتی چلی جائیں گی۔ یاد رکھیں کہ آپ کی تمام تر ترقیات کا راز خلافت سے وابستگی میں پنہاں ہے۔ اور اس سے اخلاص و وفا کا تعلق ہمیشہ آپ کو دین و دنیا میں سرخرو کرتا چلا جائے گا۔ انشاء اللہ۔ احمدی خدام کی ایک اور بہت بڑی ذمہ داری یہ بھی ہے کہ آپ نے اپنی آئندہ نسلوں کی تربیت کی طرف خصوصی توجہ دینی ہے اور انہیں جماعت کے ساتھ مضبوطی سے جوڑے رکھنا ہے۔ اپنے گھروں میں نیکی، تقویٰ اور محبت کا ماحول قائم کرنا ہے تاکہ بچے آپ کے عملی نمونوں کو دیکھ کر سبق حاصل کریں اور اسلام کی تعلیمات سے روشناس ہو کر آنے والے زمانہ میں دنیا میں امن و سلامتی کا پیغام اور اسلام کی خوبصورت تعلیمات کو پھیلانے والے بنیں۔

حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں:
”خود نیک بنو اور اپنی اولاد کے لئے ایک عمدہ نمونہ نیکی اور تقویٰ کا ہو جاؤ اور اس کو متقی اور دیندار بنانے کے لئے سعی اور دعا کرو۔ جس قدر کوشش تم ان کے لئے مال جمع کرنے کی کرتے ہو اسی قدر کوشش اس امر میں کرو۔ خوب یا درکھو کہ جب تک خدا تعالیٰ سے رشتہ نہ ہو اور سچا تعلق اس کے ساتھ نہ ہو جاوے کوئی چیز نفع نہیں دے سکتی“
(ملفوظات جلد 7، صفحہ 320 ، 2022ء ایڈیشن)

اگر آپ ان ذمہ داریوں کو سمجھیں گے اور انہیں احسن رنگ میں نبھانے کی کوشش کریں گے تو اللہ تعالیٰ کی برکتوں کو حاصل کرنے والے ہوں گے اور جماعت کے روشن مستقبل کی بنیادوں کو پختہ کرتے چلے جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو ان باتوں پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس اجتماع کو آپ کے لئے ایک روحانی انقلاب کا ذریعہ بنائے۔ آمین

والسلام
خاکسار
خلیفة المسیح الخامس

Leave a Reply